اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر سے ملاقات میں اعتماد سازی پر بات چیت ہوئی، ایران میں امیر و غریب میں کوئی فرق نہیں، دیکھ کر خوشی ہوئی، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کا نذرانہ دیا، کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی پاکستان میں کارروائی قابل قبول نہیں، ایران آنے کا مقصد دہشت گردی پر بات چیت ہے، دہشت گردی دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر انداز ہوئی۔
پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ کچھ روز قبل بلوچستان دہشت گردی میں سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پاک سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے جب کہ دورے کا مقصد دہشت گردی پر قابو پانا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں امن ایران اور پاکستان کے مفاد میں ہے جب کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم بڑھتے جارہے ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل ہی خطے کی ترقی کا ضامن ہے، انصاف کے بغیر امن ممکن نہیں جب کہ فلسطینیوں کو بھی انصاف ملنا چاہیے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان کے ساتھ قائم برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد پر ہونے والے واقعات یا کوئی اور خارجی عنصر پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات میں دراڑ نہیں ڈال سکتا۔ ان واقعات پر افسوس اور تشویش ہے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، سرحد پر دہشت گردی کے واقعات کا سامنا ہے جس کےلیے ضروری اقدامات اُٹھانے کے لیے اہم فیصلے کرلیے ہیں۔ دونوں ممالک اس معاملے پر دوطرفہ تعاون جاری رکھیں گے۔
صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات تعمیری رہی، دونوں ممالک نے گیس پائپ لائن، صحت اور سیکیورٹی سمیت دیگر شعبوں میں تجارتی تعاون کے اضافے پر اتفاق کیا ہے۔ ایران نے اپنی سرحد تک پائپ لائن بچھا دی ہیں۔
ایران کے صدر نے پاکستانی وزیراعظم کی ایران آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی ہے جسے شکریہ کے ساتھ قبول کرلیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا ایران میں پُر جوش اور شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران کو بھی سرحد پر دہشت گردی کا سامنا رہا ہے، دونوں ممالک نے اتفاق کیا ہے کہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے نہیں دیں گے۔
پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان ایران کے صدارتی محل سعدآباد پیلس پہنچے جہاں ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات بھی کی۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز تہران کے مہرآباد ائیرپورٹ پہنچے تھے جہاں ایران کے وزیر صحت سعید ناماکی نے وزیراعظم کا استقبال کیا اور ائیرپورٹ پر ہی گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا۔
تہران آمد سے پہلے عمران خان ایران کے شہر مشہد بھی گئے جہاں گورنر جنرل خراسان علی رضارزم حسینی نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم نے مشہد میں قرآن پاک میوزیم اور امام رضا کے روضہ مبارک کا دورہ بھی کیا۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وفد میں شیریں مزاری، علی حیدر زیدی، عبدالرزاق داؤد، معاونین خصوصی زلفی بخاری، ظفراللہ مرزا اور ندیم بابر بھی شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169